منگلورو، 2؍ مارچ (ایس او نیوز) سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا نے مطالبہ کیا ہے کہ ریاستی وزیر ایشورپا نے ترنگے جھنڈے کی جگہ لال قلعہ پر زعفرانی جھنڈا لہرانے کا جو اعلان کیا تھا اس کی تائید کرنے پر بی جے پی رکن اسمبلی ہریش پونجا کے خلاف پولیس کی طرف سے از خود کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ دائر کیا جائے ۔
ایس ڈی پی آئی جنوبی کینرا صدر ابوبکر نے کہا کہ بیلتنگڈی میں منعقدہ ایک پروگرام میں بولتے ہوئے ایم ایل اے ہریش پونجا نے لال قلعہ پر زعفرانی جھنڈا لہرانے کی تائید کی ہے اس لئے پولیس کو چاہیے کہ قومی جھنڈے کی توہین کرنے کے الزام میں ایم ایل اے پر سوو موٹو کیس دائر کیا جائے ۔ اس کے علاوہ ہریش پونجا کی اسمبلی کی رکنیت بھی رد کردی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ " اگر کوئی قومی جھنڈے کا تقابل کسی اور جھنڈے سے کرتا ہے تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے ۔ اور ایس ڈی پی آئی یہ کارروائی کرے گی ۔"
دوسری طرف یوتھ کانگریس بیلتنگڈی ٹاون کمیٹی صدر انیل پائی نے بھی ہریش پونجا پر قومی جھنڈے کی توہین کرنے کا الزام لگاتے بیلتنگڈی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل اے کا بیان آئین مخالف ہے اس لئے پولیس کو کیس درج کرنا چاہیے ۔
ادھر بنٹوال یوتھ کانگریس کے صدر سریش جورا نے آر ایس ایس لیڈر پربھاکر بھٹ کی طرف سے کی گئی قومی جھنڈے کی توہین اور فرقہ وارانہ اشتعال انگیز بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے پولیس کے پاس شکایت درج کروائی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دیوندا بیٹو کے ایک مندر میں حال ہی میں منعقدہ برمہا کلش اتسوا کے موقع پر کی گئی کلاڈکا پربھاکر بھٹ کی اشتعال انگیز تقریر وائرل ہوگئی ہے ۔ پولیس کو بھٹ کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے ۔
اس تعلق سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک کوئی کیس رجسٹر نہیں ہوا ہے ۔